محمود عباس کا آج قومی سوگ منانے کا اعلان

غزہ۔ 31 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل ۔ غزہ سرحد پر فلسطینی مظاہرین پر اسرائیل فوج کی گولہ باری میں 15فلسطینی شہریوں کی موت اور ہزاروں لوگوں کے زخمی ہونے کے بعد آج فلسطین نے قومی سوگ کا اعلان کیا۔’یوم الارض‘کی 42 ویں سالگرہ منانے کیلئے کل ہزاروں فلسطینی مظاہرین غزہ سرحد کے قریب بڑا مظاہرہ کر رہے تھے ۔یہ مظاہرین ’’یوم الارض‘‘ منا رہے تھے جس کی شروعات 30مارچ 1976 کو ہوئی تھی جب اسرائیلی حکومت نے فلسطینی زمین کو اپنے قبضہ میں لینے کے لئے چھ نہتے فلسطینی شہریوں کا قتل کر دیا تھا۔ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر محمود عباس نے شہیدوں کیلئے ایک دن کے قومی سوگ منانے کا فیصلہ کیا ہے اور پورے ملک میں اسکولوں، یونیورسٹیوں اور ساتھ ہی تمام سرکاری ادارے آج بند رہیں گے ۔ فلسطینی وزیر صحت کے مطابق اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ میں 1400 سے زیادہ مظاہرین زخمی ہوئے ہیں۔ مظاہرین کو تتر بتر کرنے کیلئے اسرائیلی فوج نے آنسو گیس کے گولے چھوڑے تھے ۔ محمود عباس نے فلسطینی مظاہرین کی ہلاکتوں کی ’’تمام تر ذمّے داری‘‘ اسرائیلی حکومت پر عائد کی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ نہتّے فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔فلسطینیوں کی جانب سے ’’واپسی کی ریلی‘‘ کا انعقاد فلسطینی اراضی میں ’’یومِ سرزمین ‘‘کے موقع پر ہوا۔