غزہ سٹی ۔ 8ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حماس نے آج صدر فلسطین محمود عباس پر مصالحتی معاہدہ کو سبوتاج کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔ ایک دن قبل محمود عباس نے حماس پر غزہ میں نام نہاد حکومت چلانے کا الزام عائد کیا تھا۔ انہوں نے حماس پر شدید تنقید کرتے ہوئے اتحاد کا معاہدہ ختم کردینے کی دھمکی دی تھی لیکن آج حماس نے عباس کے اس طرزعمل پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے ان پر مصالحتی معاہدہ کو تباہ کرنے اور امریکہ و اسرائیل کے آلہ کار بن جانے کا الزام عائد کیا۔ حماس نے 2007ء میں غزہ پٹی پر کنٹرول حاصل کیا تھا اور محمود عباس کی وفادار فوج کو یہاں سے نکال دیا گیا۔ اس کے بعد سے فتح تحریک کے ساتھ تعلقات کافی تلخ ہوگئے تھے۔ یہ سلسلہ کئی سال سے جاری ہیں لیکن اپریل میں دونوں فریقین نے مصالحتی معاہدہ پر دستخط کئے تھے۔ اس معاہدہ کے بعد قومی اتفاق رائے پر مبنی حکومت کی تشکیل عمل میں آئی جس نے 2 جون کو جائزہ حاصل کرلیا۔