بیرون ممالک کے معیاری جائے نمازوں پر قیمتوں میں کمی، جناب الیاس بخاری کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔14مئی (سیاست نیوز) عالمی بازار میں مختلف وجوہات کی بناء پر جائے نمازوں کی قیمت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور مخملی جائے نمازیں اب ہر کسی کے دسترس میں پہنچ چکی ہیں۔ محمد کیاپ مارٹ کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی جائے نمازوں کی نمائش اور فروخت کا آغاز کردیا گیا ہے اور اس مرتبہ جائے نمازوں کی مختلف اقسام جو کہ ترکی‘ سعودی عرب‘ ملیشیاء‘ انڈونیشیاء‘ بلجیم اور چین کے علاوہ دیگر ممالک سے منگوائی گئی ہیں انتہائی آرام دہ اور معیاری ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ جناب الیاس بخاری منیجنگ پارٹنر محمد کیاپ مارٹ نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات بتائی۔انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ وآندھراپردیش کے مختلف اضلاع میں بھی اب مخملی جائے نمازوں کے استعمال میں زبردست اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور متمول افراد اپنے مرحومین کے ایصال ثواب کے علاوہ مسجد کی خدمت کے جذبہ کے تحت مساجد میں مخملی جائے نماز بچھایا کرتے تھے لیکن اب ہر کوئی مساجد میں جائے نماز بطور تحفہ دینے لگا ہے اور اس چلن میں تیزی سے اضافہ دیکھا جانے لگا ہے۔جناب الیاس بخاری کے ہمراہ اس موقع پر مولانا شاہد محی الدین اور مولانا سلطان محی الدین کے علاوہ معروف اداکار و مزاح نگار جناب خیر الدین بیگ جانی موجود تھے۔جناب الیاس بخاری نے بتایا کہ اس مرتبہ جائے نمازوں کی نمائش و فروخت کے ساتھ اسکول بیاگس کی نمائش و فروخت کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ اسکولوں کی کشادگی سے قبل طلبہ کے لئے کم وزنی اور معیاری بیاگس کی پرانے شہر میں فروخت کو ممکن بنایا جا سکے۔ انہوںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں ہی نہیں بلکہ ریاست تلنگانہ و جنوبی ہند کی ریاستوں میں محمد کیاپ مارٹ واحد شوروم ہے جو اپنے معزز گاہکوں کے لئے جائے نمازو ں کی مختلف اقسام اور اسکول بیاگس کی نمائش کا اہتمام کیا کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران مساجد میں جائے نمازوں کا عطیہ دینے کے لئے انتہائی معیاری جائے نمازوں کے علاوہ دری کے جائے نماز بھی محمد کیاپ مارٹ پر موجود ہیں اور ان جائے نمازوں کی فروخت نہایت واجبی داموں میں عمل میں لائی جاتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذہبی رجحان میں ہو رہے اضافہ کے سبب جائے نمازوں کی مانگ میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور معیاری جائے نمازوں کی فروخت میں ہو رہے اضافہ کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے دنیا بھر میں استعمال کی جانے والی عمدہ و معیاری کوالیٹی کو حیدرآباد میں فروخت کے لئے پیش کیا گیا ہے ۔