پاناما سٹی۔6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی باکسر محمد وسیم نے پاناما کے باکسر ایلیسر والڈیز کو دوسرے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرتے ہوئے 8 راؤنڈز پر مشتمل مقابلہ جیت کر اپنے خطاب کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوگئے۔سلور فلائی ویٹ چیمپیئن محمد وسیم نے باکسنگ رنگ میں ایک مرتبہ پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باکسنگ کے بین الاقوامی مقابلوں میں مسلسل چھٹی کامیابی حاصل کر لی اور اس کامیابی کے ساتھ ہی محمد وسیم سلور فلائی ویٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آگئے۔پاناما کے دار الحکومت پاناما سٹی میں فائٹ کے دوران محمد وسیم ابتداء سے ہی میزبان حریف باکسر ایلیسر والڈیز پر حاوی نظر آئے اور انہیں مکمل طور پر بے بس کردیا۔پاکستانی باکسر اور پاناما کے باکسر ایلیسر والڈیز کے درمیان فائٹ 8 راؤنڈز پر مشتمل تھی لیکن محمد وسیم نے اپنے حریف کو دوسرے ہی راؤنڈ میں شکست دے دی۔ یاد رہے کہ گولڈ فلائی ویٹ خطاب کے لئے دسمبر میں محمد وسیم کا مقابلہ جاپان کے ڈیاگو اومیگا سے متوقع ہے۔ محمد وسیم 17 جولائی 2016 کو سیول میں فلپائن کے جیتھر اولیوا کو شکست دے کر سلور بیلٹ جیتنے والے پہلے پاکستانی باکسر بنے تھے۔