نظام آباد۔/2جون، ( فیکس ) جناب ملک معتصم خان صدر ریاستی ویلفیر پارٹی آف انڈیا تلنگانہ پردیش نے 2جون کو تاریخی قیام تلنگانہ کے موقع پر تلنگانہ کی عوام کو نئی ریاست کی نئی حکومت کی مبارکباد پیش کی۔ موصوف نے اس موقع پر قیام تلنگانہ کے مقاصد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ غیر متوازن ترقی اور حکمرانوں کی طرف سے ناانصافی کا شکار رہا ہے۔ موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ علاقہ کی عوام کے ساتھ غیر متوازن ترقی اور ظلم و ناانصافی کا خاتمہ کرے۔ موصوف نے کہا کہ1958ء میں قیام آندھرا پردیش سے ریاست میں سب سے زیادہ نقصان مسلم عوام کو ہوا تھا۔ وہ تعلیم، روزگار اور معیشت و سیاست میں پچھڑ کے رہ گئے تھے اب اس کی تلافی کا موقع ہے اور نئی حکومت اس سلسلہ میں اپنے کئے گئے وعدہ کو پورا کرے۔ موصوف نے کابینہ میں محمد محمود علی کی شمولیت کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ نئی کابینہ اور حکومت میں موثر نمائندگی کی مزید ضرورت ہے۔ صدر ویلفیر پارٹی نے کہاکہ وہ موجودہ حکومت کی کارکردگی اور کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا جائزہ لیں گے۔ اگر کوئی موثر اقدامات نہ ہوں تو ریاست بھر میں عوامی مطالبات کی تکمیل کے لئے ویلفیر پارٹی عوامی مہم چلائے گی۔