محمد عمران قتل کیس کے کلیدی ملزمین گرفتار

قتل میں استعمال کردہ ہتھیار اور دیگر اشیاء ضبط، اے سی پی فلک نما کا بیان
حیدرآباد 9 مئی (سیاست نیوز) چندرائن گٹہ کے محمد عمران قتل کیس میں ملوث دو کلیدی ملزمین کو پولیس نے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس فلک نما مسٹر ایم اے رشید نے کہاکہ محمد حاجی اور محمد جبار جو آپس میں قریبی دوست ہیں، اکٹوبر 2018 ء میں فلک نما کے ساکن عبدالقادر جیلانی سے اُن کا جھگڑا ہوا اور مذکورہ ملزمین نے عبدالقادر کے قتل کی کوشش کی تھی۔ اِس سلسلہ میں فلک نما پولیس نے حاجی اور جبار کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار کرکے اُنھیں جیل بھیج دیا گیا تھا۔ مذکورہ ملزمین نے اس نتیجہ پر پہونچے تھے کہ عبدالقادر جیلانی کو بہکانے میں محمد عمران کا رول ہے۔ گزشتہ مہینے 27 اپریل کو محمد عمران اُس کے دوست کی بیٹی کی تدفین کے بعد واپس لوٹ رہا تھا کہ محمد حاجی اور عبدالجبار نے عمران پر چاقو سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں اُس کی موت واقع ہوگئی۔ چندرائن گٹہ پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے قتل میں استعمال کئے گئے ہتھیار، موبائیل فون اور دیگر اشیاء ضبط کرلئے۔