محمد علی کلے کے گلوز 836,500 ڈالرس میں فروخت

نیویارک 23 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) شہرہ آفاق باکسر محمد علی کلے کے وہ گلوز جو انہوں نے سونی لسٹن کو شکست دیتے ہوئے اپنا پہلا ہیوی ویٹ ورلڈ خطاب جیتنے کے وقت پہنے تھے 836,500 ڈالرس میں فروخت ہوئے ہیں۔ اس سلسلہ میں ہفتے کو یہاں ایک ہراج منعقد ہوا تھا اور تقریبا پچاس سال بعد یہ گلوز اتنی بھاری قیمت پر فروخت کئے گئے ہیں۔ یہ گلوز ہیریٹیج آکشنس کے اسپورٹس پلاٹینم نائیٹ آکشن میں رکھے گئے تھے اور اس کی قیمت ویب سائیٹ پر فراہم کی گئی تھی ۔

خریدار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے ۔ یہ گلوز نوجوان محمد علی کلے ( جس اس وقت کاسئیز کلے تھے ) نے پہنے تھے اور اس کامیابی کے بعد ان کا کیرئیر انتہائی عروج پر پہونچ گیا تھا اور وہ ساری دنیا میں پسندیدہ شخصیت بن گئے تھے ۔ کلے نے 1960 کے روم اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا اور میامی میں چار سال بعد ہوئے مقابلوں میں انہیں انتہائی مقبول سمجھے جانے والے لسٹن سے سخت ترین مقابلہ تھا ۔ لسٹن فلائیڈ پیٹرسن کے خلاف مسلسل کامیابیوں کے ساتھ یہاں آئے تھے ۔ تاہم کلے کے مقابلے میں وہ کامیاب نہیں ہوسکے تھے ۔ 25 فبروری 1964 کو کلے نے لسٹن کے خلاف ساتویں راونڈ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے یہ خطاب جیت لیا تھا ۔ انہوں نے اس کامیابی کے وقت اعلان کیا تھا کہ انہوں نے دنیا کو ہلا دیا ہے ۔ اس کامیابی کے دوسرے ہی دن کلے نے اعلن کیا تھا کہ وہ مذہب اسلام قبول کر رہے ہیں اور اپنا نام محمد علی رکھتے ہیں۔ کلے نے دوسرے سال بھی لسٹن کو شکست دے کر خطاب کا دفاع کیا تھا ۔ انہوں نے آٹھ مرتبہ خطاب کا دفاع کیا تاہم 1967 میں امریکی فوج میں شمولیت سے انکار کے بعد ان کو خطاب سے محروم کردیا گیا اور 3.5 سال تک باکسنگ پر امتناع عائد کردیا گیا ۔ 1971 میں امریکی سپریم کورٹ نے سزا کو کالعدم قرار دیا اور اسکے بعد محمد علی نے دو مرتبہ یہ خطاب حاصل کیا تھا ۔