محمد علی کلے کی تہنیتی تقریب ، حریفوں کا خراج تحسین

لوئی ویل۔ 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی شہرت یافتہ افسانوی باکسر محمد علی کلے کو امریکی میں ان کی پیدائشی ریاست کنٹکی زبردست تہنیت پیش کرتے ہوئے باکسنگ رِنگ کے اندر اور باہر ان کی جدوجہد کا اعتراف کیا گیا۔ محمد علی کلے ماضی میں تین مرتبہ باکسنگ کے عالمی ہیوی ویٹ چمپین رہ چکے ہیں۔ تہنیتی تقریب میں کلے کے دو کٹر حریفوں لاری ہومس اور جارج فورمین نے بھی شرکت کی اور اس شہرۂ آفاق باکسر کی صلاحیتوں کو خراج تحسین ادا کیا۔ فلپائن میں جوزیزر کے خلاف محمد علی کی تیسری لڑائی کی 40 ویں یاد کے موقع پر کنٹکی میں یہ تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں دوسروں کے علاوہ ان کے دوستوں باکسر اور دیگر سرکردہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔ واضح رہے کہ محمد علی کلے نے زیزر کے خلاف اپنی تیسری فتح حاصل کی تھی جس کے بعد سابق عالمی چمپین فریزر فائنل راؤنڈ کے لئے باکسنگ رِنگ میں واپس آنے سے گھبراگئے تھے چنانچہ یہ مقابلہ باکسنگ کا ایک انتہائی یادگار واقعہ سمجھا جاتا ہے۔ پارکنسن (رعشہ) کے مرض سے متاثر 73 سالہ محمد علی کلے اس تقریب میں اپنی بیوی سونی کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے اور سلائیڈس پر ان کے مقابلوں کی یادگار تصاویر دکھائی جارہی تھیں۔