دورۂ نیوزی لینڈ کیلئے سینئر فاسٹ بولر عمرگل کی بھی شمولیت
لاہور۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹوئنٹی20 اور ونڈے سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں اسپاٹ فکسنگ مقدمہ میں سزا یافتہ محمد عامر کو پانچ سال بعد پہلی مرتبہ پاکستانی ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔ 2010 کے لارڈز ٹسٹ میں سلمان بٹ اور محمد آصف کے ساتھ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث محمد عامر کو پابندی کے خاتمے کے بعد پہلی مرتبہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے تاہم ان کی ٹیم میں شمولیت ویزا کے حصول سے مشروط ہے۔ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں قید کی سزا ہونے کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے قوانین کے تحت انہیں ویزا کے حصول میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہارون رشید نے آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقدہ پرہجوم پریس کانفرنس میں دورہ نیوزی لینڈ کیلئے پاکستان کی ٹوئنٹی20 اور ونڈے ٹیم کا اعلان کیا۔
عامر کے ہمراہ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل بہتر کارکردگی دکھانے والے عمر گل کی ایک عرصے بعد ٹوئنٹی20 ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ پاکستان نے ٹوئنٹی20 ٹیم سے سہیل تنویر، محمد عرفان، عمران خان جونیئر اور رفعت اللہ مہمند کو خارج کردیا ہے اور ان کی جگہ عمر گل، سعد نسیم، محمد عامر اور عماد وسیم کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ہارون رشید نے کہا کہ محمد عرفان فٹ ہیں، انہیں کسی قسم کے فٹس مسائل نہیں لیکن انہیں ٹوئنٹی20 اسکواڈ سے خارج کیا گیا ہے کیونکہ ٹوئنٹی 20 میں ہمیں ایسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہوتی ہے جو کھیل کے تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھا سکیں۔ عامر کی تربیتی کیمپ میں شمولیت پر قیادت سے استعفیٰ دینے والے اظہر علی کو ونڈے ٹیم کا قائد برقرار رکھا گیا ہے۔ ونڈے ٹیم میں مثبت ڈوپ ٹسٹ کے سبب معطلی کا شکار یاسر شاہ کی جگہ ظفر گوہر کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا ہے جبکہ راحت علی اور محمد عامر فاسٹ بولنگ شعبہ میں وہاب ریاض اور محمد عرفان کا ساتھ نبھائیں گے۔عامر یامین، بلال آصف اور افتخار احمد ونڈے ٹیم میں سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ دونوں طرز کی سیریز کیلئے پاکستان کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ٹوئنٹی20 ٹیم : شاہد آفریدی(کپتان)، احمد شہزاد، افتخار احمد، محمد حفیظ، صہیب مقصود، شعیب ملک، عمر اکمل، عماد وسیم، سرفراز احمد، انور علی، عامر یامین، وہاب ریاض، عمر گل، محمد رضوان، سعد نسیم اور محمد عامر(شمولیت ویزا سے مشروط)۔
ونڈے ٹیم: اظہر علی(کپتان)، احمد شہزاد، محمد حفیظ، اسد شفیق، شعیب ملک، بابر اعظم، صہیب مقصود، محمد رضوان، سرفراز احمد، انور علی، عماد وسیم، وہاب ریاض، راحت علی، محمد عرفان، ظفر گوہر اور محمد عامر۔یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹوئنٹی20 اور تین ونڈے میچوں کی سیریز کا آغاز 15 جنوری کو ہو گا۔