محمد عامر کی واپسی کیلئے آئی سی سی کی نیک تمنائیں

دبئی ۔ 7جون (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ڈیوڈ رچرڈسن نے پاکستانی نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔دبئی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے میں آئی سی سی چیف نے کہا ہے کہ محمد عامر ایک باصلاحیت نوجوان کرکٹر ہیں جب کہ لوگ غلطیاں کرتے ہیں اورانہیں درست بھی کرتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ محمد عامر نے اپنی غلطی کو سمجھ لیا ہے اور وہ جلد اپنے کامیاب کیریئر کے لئے بہتر سے بہتر کوشش کریں گے۔واضح رہے کہ محمد عامر کے آئی سی سی کے کرپشن یونٹ کے ساتھ تعاون اور بہترین رویے کی وجہ سے ان کی سزا میں کمی کرکے رواں سال کے آغاز میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی گئی جس کے بعد انہوں نے گریڈ ٹو اور ٹی 20 کرکٹ میں کھیل کر اپنی واپسی کی جب کہ عامر نے جلد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی بھی امید ظاہر کی۔