محمد عامر کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی راہ ہموار

کراچی۔22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ اس سال اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر کو گھریلو کرکٹ دھارے میں لانے کے لئے سرگرداں ہے اور عامر کی واپسی کی بازگشت لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ اجلاس میں بھی سنائی دی۔جبکہ پاکستان سوپر لیگ ٹوئنٹی20 کرانے کیلئے ایک مرتبہ پھر کمر کس لی ہے۔ نجم سیٹھی کو تین کمیٹیوں کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر کو بین الاقوامی کرکٹ میں واپس لانے کے لئے بورڈ نے اپنی کوششوں سے اراکین کو آگاہ کیا۔ انہیںمطلع گیا کہ آئی سی سی جلد عامر پر عائد پابندی اٹھالے گا اور انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں آنے اور اپنی تیاری کے لئے چھ ماہ کا وقت مل جائے گا۔ بورڈ نے گورننگ بورڈ سے کہا ہے کہ عامر کو واپس لانے کے لئے جو رکاوٹیں حائل ہیں اور کھلاڑیوں کی جانب سے ان کی مخالفت کی باتیں کی جارہی ہیں اس بارے میں کسی بات پر کان نہ دھرا جائے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان سوپر لیگ کرانے کا اعلان کیا ہے۔ توقع ہے کہ سوپرلیگ کا زیر التوا منصوبہ متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا۔ پاکستان سوپر لیگ کے میڈیا حقوق فروخت کر نے کے لئے نجم سیٹھی کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔