کراچی۔20 جون(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر فاسٹ بولر محمد عامر کے مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے جلد چیف سلیکٹر انضمام الحق سے اہم ملاقات کریں گے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ تیار کردہ منصوبہ سلیکشن کمیٹی کو دیا جائے گا جو محمد عامر کو اس سے آگاہ کرے گی۔ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ انہیں آئندہ برس عالمی کپ کیلئے تیاری کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ میگا ایونٹ تک تمام کرکٹرز مکمل تیار ہوں اور چونکہ بہترین ٹیم کے انتخاب کیلئے ان کے پاس وقت ہے لہٰذا اولین کوشش یہی ہے کہ اہم کھلاڑیوں کو تھکاوٹ اور زخموں سے بچایا جائے۔ آرتھرکے بموجب پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ دنیا کے سخت ترین کاموں میں سے ایک ہے جس کا اندازہ ماضی کے کوچز اور ان کو درپیش مسائل پر نگاہ ڈال کر آسانی سے کیا جا سکتا ہے۔ انہیں آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف ایک،ایک ٹسٹ جیتنے پر اطمینان نہیں ہے کیونکہ انگلینڈ کیخلاف لارڈز کی طرح لیڈز میں بھی کامیابی کے ساتھ سیریز جیتنا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ دورہ برطانیہ سے قبل اگر کوئی ایسے نتیجے کا کہتا تو شاید قابل قبول ہوتا لیکن لارڈز ٹسٹ کی کارکردگی کے بعد دوسرا ٹسٹ میچ ہارنے پر شدید مایوسی ہوئی تھی۔ انہیں پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں اور گرین شرٹس کے روشن مستقبل سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں کیونکہ شاداب خان،حسن علی،فہیم اشرف اور فخر زمان کی صورت میں فتح گر کھلاڑی بھی سامنے آرہے ہیں۔