محمد عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت ملنے کا امکان

کراچی۔28 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام)آئندہ ماہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن کوڈ میں تر میم ہونے کے بعد امکان ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامرکورواں سال کے آخر تک پاکستان میں ڈومیسٹک سیزن کھیلنے کی اجازت مل جائے گی۔تاہم بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے لئے انہیں نومبر2015 تک انتظار کرنا ہوگا۔اسپاٹ فکسنگ کیس میں محمد عامر پانچ سال کی سز ا بھگت رہے ہیں۔آئندہ سال ان کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی ہوگی۔اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان نے آئی سی سی کے صدر سر ی نواسن سے بات چیت کر لی ہے۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو ڈرچرڈسن کا کہنا ہے کہ 10 نومبر کو آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں آئی سی سی کا نیا اینٹی کرپشن کوڈ منظوری کے لئے پیش ہوگا۔اگر کوڈ منظور ہوگیا تو پھرمحمد عامر کوپاکستان کرکٹ بورڈ کی سہولیات استعما ل کرنے کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت بھی مل جائے گی تاکہ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی سے قبل اپنے آپ کو تیار کرسکیں۔ دبئی میں آئی سی سی کے چیف اگزیکٹیو ڈیو ڈرچرڈسن نے اعتراف کیا کہ آئی سی سی اپنے اینٹی کرپشن کوڈ میں ترمیم کررہی ہے اور یہ کوڈ 10نومبر کوآئی سی سی بورڈ اجلاس میں منظوری کے لئے پیش ہورہا ہے۔واضح رہے کہ محمد عامر کو سابق کوڈ کے تحت سزا ملی ہے۔سز ادیتے وقت جج مائیکل بیلوف نے کہا تھا کہ موجودہ کوڈ میں محمد عامر کو سب سے کم سزا مل رہی ہے۔اگر گنجائش ہوتی تو انہیں عمر کا فائدہ دے دیا جاتا۔آئی سی سی کے کوڈ کو تبدیل کروانے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئر مین نجم سیٹھی نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ نئے ڈومیسٹک کوڈ میں منظوری کے بعد عامر مقدمہ پر نظر ثانی ہوسکتی ہے۔وہ بین الاقوامی کرکٹ کی پابندی سے کتنا عرصہ قبل ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکتے ہیں اس بارے میں کوڈ کی منظوری کے بعد فیصلہ ہوگا۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا موقف ہے کہ عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے۔محمد عامر پر2010میں سلمان بٹ،اور محمد آصف کے ساتھ اسپاٹ فکسنگ کیس میں پابندی لگائی گئی تھی۔