لاہور۔یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے کہا ہے کہ دورہ انگلینڈ کے لئے اسپاٹ فکسنگ میں سزایافتہ فاسٹ بولر محمد عامر کو ویزا جاری کرنے کا مثبت جواب ملا ہے جبکہ ٹیم کے ہیڈکوچ اور کرکٹ کمیٹی کے ناموں کا اعلان گورننگ باڈی کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریارخان نے کہا کہ انگلینڈ نے فاسٹ بولر محمد عامر کو ویزا جاری کرنے کے لئے مثبت جواب دیا ہے۔ نیز سابق کپتان سلمان بٹ اور محمد آصف کے حوالے سے انگلینڈ کے حکام نے تحفظات کا اظہار کیا ہے تاہم ٹیم میں ان کے انتخاب کی صورت میں ویزے کے معاملات کو دیکھ لیاجائے گا۔ واضح رہے 2010 میں پاکستانی ٹیم کے دورہ انگلینڈ میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر اس وقت کے کپتان سلمان بٹ، فاسٹ بولر محمد آصف اور محمد عامر کو پانچ سال پابندی عائد کی گئی تھی جو گزشتہ سال مکمل ہوئی جس کے بعد عامر کو پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے کی اجازت دی تھی ۔محمد عامر کو گزشتہ سال دورہ نیوزی لینڈ کے لئے ٹیم کا حصہ بنایاگیا تھا جہاں انھوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے بعد انھیں ایشیا کپ اور ورلڈ کپ ٹوئنٹی20 ٹورنمنٹ کیلئے ٹیم میں شامل کیا گیا۔ پاکستانی ٹیم رواں سال جولائی میں 4 ٹسٹ، 5 ونڈے اور ایک ٹوئنٹی20 میچ پر مشتمل سیریز کیلئے انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔