محمد عامر پر اخراج کی تلوار لٹکنے لگی

ابوظہبی ۔26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کے جس بولر نے چیمپئنز ٹرافی2017 کے فائنل میں ہندوستان کی شکست کی کہانی لکھ ڈالی تھی آج اسی رفتار کے سوداگر کا کریئر حادثہ کا شکار ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ محمد عامر جن کی سلسلہ وار خراب کارکردگی ان کے کیریئر کے لئے خطرہ بن چکی ہے۔ اب پاکستانی میڈیا میں آہٹ ہے کہ عامر کو ٹیم سے باہر کیا جا سکتا ہے اور بنگلہ دیش کے خلاف آخری سوپر 4 مقابلے میں بھی انہیں باہر کا راستہ دکھا دیا گیا ۔دراصل محمد عامر نے چیمپئنز ٹرافی فائنل کے بعد 10 میچوں میں صرف 3 ہی وکٹ لئے ہیں۔ ان کا بولنگ اوسط 100 کے پار(100.66) جا چکا ہے۔ ساتھ ہی ان کا اسٹرائک ریٹ 140 پہنچ گیا ہے۔ یہ اعداد و شمارکسی پارٹ ٹائم بولر کے لئے بھی انتہائی خراب ہیں، عامر تو پھر بھی پاکستان کے اسٹرائک بولر ہیں۔ عامر کو وکٹ لئے ہوئے 5 میچ گزر چکے ہیں۔ گزشتہ 35 اوورز یعنی 210 گیندوں سے انہیں ایک بھی وکٹ نہیں ملی ہے۔ عامر کو اپنا آخری ونڈے وکٹ زمبابوے کے خلاف بلاوایو میں ملا تھا۔ ایسی صورت حال میں ان پر سوال اٹھنا لازمی ہے۔محمد عامر پر سے پاکستانی ٹیم کا بھروسہ بھی اٹھ رہا ہے۔ گزشتہ 11 مقابلوں سے عامر نے 10 اوورز کا کوٹا پورا نہیں کیا۔