محمد عامر پاکستان کے آئندہ کپتان ہوں گے:وسیم اکرم

کراچی ۔8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین کو ورلڈ کپ میں کھلانے کی حمایت کر تے ہوئے کہا کہ محمد حسنین اچھا با صلاحیت بولر ہے اور اس کے پاس رفتار بھی ہے لہٰذا ورلڈ کپ میں اسے ٹیم کا حصہ ہونا چاہئے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ محمد حسنین کو میچ میں کھیلنے کا موقع دینا چاہئے کیونکہ بینچ پر اسے بٹھانے کا کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمیں کوئی نیا بیٹسمین نہیں مل رہا ہے ، کرکٹ کے معاملے پر معیار کی طرف دیکھنا چاہئے۔ وسیم اکرم نے مزید کہا کہ محمد عامر اچھے بولر اور ان کے دل کے قریب ہیں۔ وسیم اکرم کے مطابق بحیثیت سابق کپتان اور فاسٹ بولر وہ سمجھ سکتے ہیں کہ محمد عامر کس دور سے گزر رہے ہیں۔ بے شک محمد عامر چند میچوں میں زیادہ وکٹیں حاصل نہیں کرسکے لیکن وہ اب بھی دنیا کے بہترین بولر ہیں اورا ن پر تنقید مناسب نہیں۔ وسیم اکرم نے پیش قیاسی کی کہ خراب وقت سے نکل کر محمد عامر ٹیم کے اگلے کپتان بنیں گے۔ کھلاڑی مرغن غذا کا استعمال زیادہ کرنے لگے ہیں اور بریانی پر خوب ہاتھ صاف کیا جا رہا ہے ، ایسے کھانے کھا کر ٹیم ورلڈ کپ میں چمپئنز کی طرح مقابلہ نہیں کر سکتی۔ وسیم اکرم نے کہا کہ آئندہ ورلڈ کپ 1992 کی طرز پر ہو رہا ہے اور پاکستانی ٹیم کو تاریخ دہرا نے کا موقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کرکٹ کے ساتھ خراب سلوک کیا گیاتاہم اس کھیل کیلئے محکموں کی بڑی خدمات ہیں اورعمران خان طویل عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں نئے سسٹم کو آزمانا چاہئے ۔