دبئی ۔ 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انٹر نیشنل کر کٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنے انسداد بد عنوانی قوانین میں ترمیم کی تجاویز منظور کر لی ہے، جس سے پاکستان کے تین کھلاڑیوں کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے ان میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث سزا یافتہ کھلاڑیوں محمد عامر ، سلمان بٹ اور محمد آصف سمیت دیگر ملکوں کے کھلاڑی اپنی سزا مکمل ہونے سے قبل ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکیں گے۔ یہ فیصلہ دبئی میں آئی سی سی کے بورڈ اجلاس میں کیا گیا۔ آئی سی سی کا اجلاس ڈیو رچرڈسن کی زیرصدارت ہوا۔ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں سے نرمی نہ برتنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں کرکٹ میں اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے اینٹی کرپشن قوانین کی تجاویز پیش کی گئیں جنہیں منظور کرلیا گیا۔
منظوری کے بعد ا سپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑی اپنی سزا مکمل ہونے سے پہلے ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکیں گے لیکن اس کیلئے انہیں اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کی اجازت لینی ہوگی۔ تجاویز کی منظوری کے بعد پاکستانی اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑی محمد عامر، سلمان بٹ اور محمد آصف پر ڈومیسٹک کرکٹ کے دروازے کھل گئے۔ محمد عامر جنوری 2015ء سے ڈومیسٹک کرکٹ کا آغاز کرینگے۔ محمد عامر نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے پی سی بی اور آئی سی سی سے معاف کا مطالبہ بھی کیا تھا لیکن آئی سی سی نے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں سے نرمی نہ برتنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سزا سے پہلے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے پر پابندی برقرا ر رکھی ہے اور اس کے ساتھ سزا کے دوران کھلاڑی کے رویئے کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھیل کی ساکھ کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے ان کھلاڑیوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔