ابوظہبی۔4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر والدہ کی علالت کے سبب وطن واپس لوٹ گئے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ونڈے میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عامر کی والدہ شدید علیل ہیں اور اسی لئے وہ وطن واپس لوٹے ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ نے انہیں وطن واپس بھیجنے کی اجازت دے دی ہے۔اظہر علی کی زیر قیادت پاکستانی ٹیم کل ابوظہبی میں آخری میچ کیلئے میدان میں اترے گی جہاں ٹیم ابتدائی دو میچ جیت کر پہلے ہی تین میچوں کی سیریز اپنے نام کر چکی ہے۔پاکستان کو عالمی درجہ بندی میں آٹھویں نمبر تک رسائی کیلئے کلین سوئپ درکار ہے اور ٹیم کی موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے اس کے روشن امکانات نظر آ رہے ہیں۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ورلڈ کپ 2019 تک براہ راست رسائی کی جدوجہد جاری ہے جہاں 30 ستمبر تک میزبان انگلینڈ سمیت عالمی درجہ بندی میں ابتدائی آٹھ نمبروں پر موجود ٹیمیں ایونٹ میں براہ راست رسائی کی حقدار ہوں گی۔باقی چار ٹیمیں اسوسی ایٹ ملکوں کے ساتھ مل کر کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلیں گی اور دو بہترین ٹیمیں ورلڈ کپ تک رسائی کی حقدار قرار پائیں گی۔