دبئی ۔4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے خلاف پہلے ٹسٹ میں شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگیا ہے کیونکہ بیٹنگ شعبہ میں ناکامیوں کے بعد اب اسے فاسٹ بولنگ شعبہ میں بھی اپنے دو اہم بولروں کی خدمات سے محروم ہونا پڑسکتا ہے۔ دبئی کے دوسرے ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ سے قبل میزبان ٹیم کی پریشانیاں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ فاسٹ بولر حسن علی اور محمد عامر فٹنس مسائل کا شکار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کرو یا مرو کی حیثیت رکھنے والے دوسرے ٹسٹ سے قبل چیف سلیکٹر انضمام الحق دبئی پہنچ گئے، وہ شکست کے حوالے سے بھی ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں سے بات چیت کریں گے، ان کو ناکامی سے باہر آنے کے لئے مشورہ بھی دیں گے۔ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹسٹ میں ناکامی کے بعد پاکستانی ٹیم کو فٹنس مسائل کا بھی سامنا ہے، دونوں اہم فاسٹ بولرز حسن علی اور محمد عامر ان فٹ ہوگئے ہیں جن کی دوسرے ٹسٹ میں شر کت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے، ٹیم انتظامیہ اس صورت حال سے پریشان ہوگئی ہے، حسن علی پہلے ٹسٹ میچ کے چوتھے دن کمر میں تکلیف کے باعث میدان سے چلے گئے تھے اور ان کی جگہ وہاب ریاض فیلڈنگ کیلئے آئے تھے۔ حسن علی کی فٹنس مسائل کے باعث ان کو دوسرے ٹسٹ میچ میں شامل نہ کئے جانے کا امکان ہے۔ ڈے نائٹ میچ کے سبب پاکستانی ٹیم تین فاسٹ بولرز اور یاسر شاہ کے ساتھ میدان میں اترسکتی ہے کیونکہ شام میں گلابی گیند کے سوئنگ ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان نے اب تک دو ڈے نائٹ ٹسٹ کھیلے جہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی اور آسٹریلیا کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سری لنکائی ٹیم پہلی مرتبہ ڈے نائٹ ٹسٹ کھیلے گی۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹسٹ سیریز کے بعد ونڈے سیریز کا انعقاد کیا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ونڈے میچز ہونگے جس کا آغاز 13اکتوبر کو ہو گا ۔