کراچی۔12اپریل ( سیاست ڈاٹ کام )پابندی کاشکار پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کی آئندہ برس آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ میں پاکستانی کی نمائندگی کے امکانات ختم ہوچکے ہیں جیسا کہ پاکستانی کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے کہا ہے کہ اگر محمد عامر گھریلو کرکٹ میں اپنے کریئر کا دوبارہ آغاز بھی کرتے ہیں تو وہ 2015ء ورلڈ کپ میں شرکت کے اہل نہیں ہوں گے کیونکہ آئی سی سی نے واضح کردیا ہے کہ محمد عامر پر پانچ سال کی پابندی کی تکمیل ضروری ہے اور اس طرح محمد عامر اگست 2015ء سے قبل بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی نہیں کرسکتے ۔ چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا ہے کہ پی سی بی کو امید نہیں ہے کہ محمد عامرورلڈ کپ 2015ء میںپاکستان کی نمائندگی کرپائیں گے ۔ حالانکہ پی سی بی کے چیرمین نجم شیٹھی نے پریس کانفرنس میں اس اُمید کا اظہار کیا تھا کہ نوجوان بائیںہاتھ کے فاسٹ بولر رواں برس کے اختتام تک فرسٹ کلاس کرکٹ میں شرکت کے اہل ہوں گے اور ان کی کوشش ہوگی
کہ وہ ورلڈ کپ میں بھی ٹیم کی نمائندگی کرسکیں گے ۔ کہا جارہاہے کہ قانون کے تحت اگر محمد عامر کی پابندی میں ایک سال کی تخفیف کی جاتی ہے تو وہ رواں برس کے اواخر گھریلو کرکٹ میں نمائندگی کرپائیں گے ۔ 2010ء میں جس وقت پاکستانی ٹیم انگلینڈ کا دورہ کررہی تھی اُس دوران محمد عامر 18سال کی عمر میں پاکستان کے شاندار بولر کے طور پر ٹیم کی نمائندگی کررہے تھے لیکن اسی دوران اسپاٹ فکسنگ تنازعہ منظر عام پر آیا اور عامر پر پانچ سال کی پابندی عائد کردی گئی جب کہ ان کے ساتھی فاسٹ بولر محمد آصف اورسلمان بٹ پر بھی سخت پابندیاں عائد ہوچکی ہیں ۔ پی سی بی نے اپنی ایک درخواست میں آئی سی سی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ محمد عامر کی عمر کے پیش نظر ان کی سزا میں نرمی کرے ۔ سبحان احمد نے کہا کہ آئی سی سی کا جو قانون ہے اس میں جو کھلاڑی طویل عرصہ کیلئے پابندی کا شکار ہیں اس کیلئے کچھ گنجائش موجود ہے ۔ اس قانون کے پیچھے موجود اصل مقصد یہ بھی ہے کہ کھلاڑیوں کو مکمل پابندی کی میعاد ختم کرنے کے بعد کرکٹ میں واپسی کی بجائے پابندی کی میعاد ختم ہونے سے قبل گھریلو کرکٹ میں واپسی کا موقع دیا جائے تاکہ وہ بین الاقوامی کرکٹ کے اپنے کریئر کو دوبارہ بہتر طریقہ سے شروع کرسکیں۔
پی سی بی کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ حالات تو یہی دکھائی دے رہے ہیں کہ آئی سی سی خواہاں ہے کہ محمد عامر پانچ سال کی پابندی مکمل کرنے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کریں جس کا مطلب یہ ہوگا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقد شدنی ورلڈ کپ میں محمد عامر کی شرکت کے امکانات ختم ہوچکے ہیں ۔ علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ ہندوستان کے ساتھ باہمی سیریز کے احیاء کیلئے کافی سرگرم ہے۔جیسا کہ بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ وہ اندرون ایک ہفتہ سیریز کے متعلق ابھی فیصلہ کرے گا ۔ پی سی بی کے ذرائع نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بورڈ کے چیرمین نجم شیٹی اور ان کے ساتھ چند عہدیداروں نے دبئی میں منعقدہ آئی سی سی کے دو روزہ اجلاس کے دوران بی سی سی آئی کے عہدیداروں سے ملاقات کی جس نے باہمی سیریز کے متعلق تیقن دیاہے ۔ ذرائع کے بموجب بنیادی طور پر بی سی سی آئی نے طمانیت دی ہے کہ وہ اندرون ایک ہفتہ پاکستان کے ساتھ باہمی سیریز کے معاہدہ پر غور کرے گا ۔ نیزدونوں ممالک نے اپنے ارادے سے آئی سی سی کو بھی مطلع کردیا ہے ۔