مشی گن۔29 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) انگلش کلب لیور پول کے کوچ و مینجرجرگن کلوپ نے چیمپیئنز لیگ فائنل میں اپنے اسٹار مصری کھلاڑی محمد صلاح کے زخمی ہونے کے معاملے پر پہلی مرتبہ زبان کھولتے ہوئے رئیل میڈرڈ کے کپتان سرگیو راموس کے اقدام کو وحشیانہ قرار دیا اور کہا کہ اسے صلاح کے شدید زخمی ہونے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔اس واقعہ کی وجہ سے صلاح فائنل سے باہر ہونے کے علاوہ پوری طرح فٹ نہ ہونے کے باعث ورلڈ کپ میں مصر کے لئے بھی کچھ نہیں کر پائے تھے۔ دوماہ پہلے رونما ہوئے اس معاملے پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کوچ نے کہا کہ راموس نے جس طرح صلاح کو گرایا وہ فٹبال کے بجائے کشتی کا منظر معلوم ہوتا تھا۔کلوپ نے ہسپانوی کھلاڑی کو بے رحم اور سنگدل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کوئی میچ جیتنا فتح نہیں کہلاتا۔ میں سمجھتا ہوں کہ جو کچھ ہوا اس کا تمام تر ذمہ دار سرگیو راموس ہے اور اس نے میچ میں ہماری شکست کے بعد مزید خراب طرز عمل کا مظاہرہ کیا جس کا کوئی جواز نہیں تھا۔ انہوں نے کہا سرگیو کی اسی حرکت کی وجہ سے روسی کھلاڑی نے بھی کہا تھا کہ راموس نے ہمیں محمدصلاح کو کھیل سے روکنے کا طریقہ سکھا دیا ہے۔یادرہے کہ ورلڈ کپ میں مصر کی ٹیم کے صلاح اہم کھلاڑی تھے لیکن زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیم کا توازن باقی نہیں رہا تھا اور مصر کو ورلڈ کپ کے ابتدائی تینوں مقابلوں میں شکست ہوئی۔