لندن ۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) یوئیفا چمپئنز لیگ میں مصری بادشاہ کے نام سے پہچانے جانے والے فٹبالر محمد صالح اپنی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کی راہ پر گامزن ہوگئے ہیں۔ چمپئنز لیگ میں بہترین ٹرکس اور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لیورپول کے فارورڈ کھلاڑی محمد صالح کو رواں سال کے سب سے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ اس سیزن وہ انفرادی طور پر 11 گول کر کے ایک لیگ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔انتہائی تیز، محنت کش، نئی تکنیک سے کھیلنے والے فٹبالر کی نظر ہمیشہ اپنے گول پر جمی رہتی ہے اور انہیں ان کی رفتار، ڈربلنگ، فٹبال کو چھونے اور بال پر کنٹرول کی صلاحیت کی وجہ سے دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے ۔