محمد شاہد کی مدد کیلئے وزیراعظم سے دھنراج پلے کی اپیل

نئی دہلی۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ہاکی کے افسانوی شخصیت دھنراج پلے نے وزیراعظم نریندر مودی سے سابق قومی چمپین محمد شاہد کو علاج کیلئے امداد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ محمد شاہد جگر اور گردہ کے عارضہ سے متاثر ہیں جنہیں منگل کو ذریعہ طیارہ وارناسی سے گڑگاؤں کے میرانتا میڈی سٹی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ 56 سالہ محمد شاہد یرقان اور ڈینگو کے سبب بری طرح بیمار ہیں اور ان کی حالت مزید بگڑ گئی ہے۔ دھنراج پلے نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’شاہد ایک ممتاز و مایہ ناز کھلاڑی ہیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کو فخر محسوس کرنے کا موقع دیا۔ ان (شاہد) جیسے کھلاڑیوں کی بدولت میں ہندوستانی ہاکی کو دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔ ایک شخص اور ایک کھلاڑی کی حیثیت سے شاہد نے ایک ہندوستانی ترنگا کو بلندی پر تھام رکھا۔ دھنراج پلے نے کہا کہ ’’یہ ایک افسوسناک بات ہے کہ شاہد گزشتہ دو دن سے آئی سی یو میں ہیں اور کسی ایک سیاست داں نے بھی ان کی مزاج پرسی گوارا نہیں کی۔دھنراج پلے نے مزید کہا کہ ’’وزیراعظم نریندر مودی، وزیر اسپورٹس اور تمام اسپورٹس اداروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ براہ کرم شاہد بھائی کی حالت کا نوٹ لیں اور انہیں ممکنہ مدد فراہم کریں۔ ہم بھی ممکنہ مدد فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘‘۔ محمد شاہد 1980ء میں گولڈ میڈل جیتنے والی ہندوستانی ٹیم میں شامل تھے۔ علاوہ ازیں ان کی ٹیم 1982ء اور 1986ء کے دوران ایشین گیمس میں بالترتیب سلور اور برونز میڈل حاصل کی تھی۔