محمد سمیع کو 14 مقامات ترقی، دھونی اور کوہلی کو نقصان

برسبین ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ کپ کے دوران شاندار مظاہروں کے ذریعہ ہندوستانی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سمیع اور روی چندرن اشون نے آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ونڈے کی تازہ ترین درجہ بندی میں کافی ترقی کی ہے جیسا کہ محمد سمیع نے 14 مقامات کی ترقی کرتے ہوئے گیارہواں مقام حاصل کرلیا ہے جبکہ اشون جنہوں نے ورلڈکپ میں تاحال 8 وکٹیں حاصل کرچکی ہیں وہ 6 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے سولہویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ ہندوستان کیلئے مایوس کن نتیجہ کپتان مہندر سنگھ دھونی اور نائب کپتان ویراٹ کوہلی کے مقامات میں تنزلی ہے۔ کوہلی ایک نشان کے نقصان کے بعد چوتھے مقام پر پہنچ چکے ہیں جبکہ دھونی کو بھی دو مقامات کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے اور وہ دسویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ بیٹسمینوں کی فہرست میں جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ولیرس پہلے مقام پر فائز ہیں جبکہ سری لنکا کے وکٹ کیپر بیٹسمین کمارا سنگاکارا جوکہ 268 رنز کے ساتھ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں انہوں نے ان مظاہروں کے ذریعہ ہاشم آملہ کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ آل راونڈرس کی فہرست میں تلک رتنے دلشان 229 رنز اور 3 وکٹوں کے ساتھ پہلے مقام پر موجود ہیں۔ بولروں کی فہرست میں حیران کن طور پر سعید اجمل اور سنیل نارائن جو ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کررہے ہیں ، بالترتیب پہلے اور دوسرے مقام پر فائز ہیں۔