محمد سمیع ٹیم سے خارج،کمار اوربمرا کی واپسی

نئی دہلی۔25 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پہلے دو ونڈے میں آرام پانے والے ہندستان کے سرفہرست دو بولروں بھونیشور کمار اور جسپریت بمراہ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے باقی تین میچوں کے لییمعلنہ15 رکنی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے ۔فاسٹ بولر محمد سمیع کو ٹیم سے باہر کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ٹیم میں دیگر کوئی تبدیلی نہیں ہے ۔ سمیع پہلے دو میچوں میں کھیلے تھے لیکن کافی مہنگے ثابت ہوئے ۔ سمیع نے گوہاٹی میں پہلے ون ڈے میں81 رنز پر دو وکٹ اور وشاکھاپٹنم میں دوسرے ونڈے میں59 رنز پر ایک وکٹ لیا تھا۔سمیع نے دو میچوں میں 140 رنز دیئے جبکہ ان دو میچوں میں142 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کرنے والے فاسٹ بولر امیش یادو کو ٹیم میں برقرار رکھا گیا۔ سیریز کے باقی تین میچ 27، 29 اکتوبر اور یکم نومبر کو پونے ، ممبئی (برابورن اسٹیڈیم) اور تھرو اننتپورم میں کھیلے جائیں گے ۔آل راؤنڈر کیدار جادھو کے باقی میچوں میں منتخب ہونے کی بات تھی لیکن انہیں 15 رکنی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ جادھو ایشیا کپ میں عضلات میں جکڑن کی وجہ سے پہلے دو میچوں سے باہر رہے تھے ۔ جادھو نے دیودھر ٹرافی میں انڈیا سی کے خلاف انڈیا اے کی جانب سے کھیلتے ہوئے25 گیندوں میں ناٹ آؤٹ41 رنز بنائے اباقی تین میچوں کے لیے ہندوستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پرمشتمل ہے : ویراٹ کوہلی (کپتان)، روہت شرما (نائب کپتان)، شکھر دھون، امباٹي رائیڈو، رشبھ پنت، مہندر سنگھ دھونی (وکٹ کیپر)، رویندر جڈیجہ، کلدیپ یادو، یوزویندر چہل، بھونیشور کمار ، جسپریت بمراہ، خلیل احمد، امیش یادو، لوکیش راہول اور منیش پانڈے ۔