کولکاتا، 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے پیس بولر محمد سمیع نے کولکاتا کی ماڈل حَسین جہاں کے ساتھ شادی کرلی ہے۔ تقریب استقبالیہ کا مرادآباد کی فائیو اسٹار ہوٹل میں اہتمام کیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق سمیع اور حسین جہاں کی شادی ایک ماہ قبل کولکاتا میں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) 2014ء کے دوران ہوئی، اور تقریب استقبالیہ کل جمعہ کو قریبی دوستوں اور رشتے داروں کیلئے منعقد کی گئی تاکہ وہ نوبیاہتا جوڑے کو شخصی طور پر مبارکباد پیش کرسکیں۔ سمیع کے والد نے نیوز چیانل ’آج تک‘ کو بتایا کہ ’’یہ اچھا احساس ہے۔ یہ ہر باپ کا خواب ہوتا ہے کہ اپنے بیٹے کو اپنی زندگی میں اچھی کارگزاری کرتا ہوا دیکھے۔ سمیع اپنے ملک کیلئے کھیل رہا ہے، جو قابل فخر بات ہے‘‘۔
ویسٹ انڈیز ۔ نیوزی لینڈ سیریز
کنگسٹن، 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹسٹ کی سیریز اتوار کو جمائیکا کے سبینا پارک میں شروع ہورہی ہے۔ یہ مقامی ہیرو کرس گیل کیلئے 100 ٹسٹ کھیلنے والے محض نویں کریبی کرکٹر بننے کا موقع ہے۔ اور میزبان ٹیم چھ ماہ قبل کیوی سرزمین پر 2-0 سے ناکامی کا بدلہ لینا چاہے گی۔