محمد سمیع فکسنگ الزامات سے بری،کنٹراکٹ بھی مل گیا

نئی دہلی۔22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سمیع کو بیوی حسین جہاں کے روزانہ الزامات کے بعدبی سی سی آئی سے بڑی راحت ملی اور وہ فکسنگ کے الزامات سے بری ہونے کے علاوہ انہیں گریڈ بی معاہدہ بھی مل گیا ہے ۔بی سی سی آئی منتظمین کی کمیٹی نے بورڈ کی اینٹی کرپشن یونٹ (اے سي یو) کے سربراہ اور سابق دہلی پولیس کمشنر نیرج کمار کو سمیع کے خلاف فکسنگ کے الزامات کی تحقیقات کرنے کے لئے سات دن کا وقت دیا گیا تھا۔سمیع کی بیوی نے الزام لگایا تھا کہ سمیع نے جنوبی افریقہ کے دورے سے لوٹنے کے بعد دبئی میں پاکستانی خاتون علیشبہ نام سے فکسنگ کے پیسے لئے تھے ْیہ پیسے انہیں برطانیہ میں رہنے والے محمد بھائی نام کے شخص کی جانب سے دیئے گئے تھے ۔نیرج نے سي اواے کو اپنی خفیہ رپورٹ سونپ دی اور اس رپورٹ کی بنیاد پر سي اواے نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ اس معاملے میں بی سی سی آئی کی اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت سمیع کے خلاف کسی طرح کی کارروائی کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔بی سی سی آئی نے اس بنیاد پر سمیع کو گریڈ بی کا سالانہ معاہدہ دیا ہے جس میں انہیں سالانہ تین کروڑ روپے ملیں گے ۔سمیع کے کیریئر کے لئے یہ بہت بڑی راحت ہے اگر وہ فکسنگ میں ملزم پائے جاتے تو ان کا کریئر تباہ ہو سکتا تھا لیکن تمام تحقیقات کے بعد ان کے خلاف یہ الزام ثابت نہیں ہو پایا ہے ۔سي اواے نے سمیع کے معاملے میں اے سي یو سربراہ کو اپنی تحقیقات صرف فکسنگ تک محدود رکھنے کے لیے کہا تھا۔فاسٹ بولر نے خود بھی کہا تھا کہ انہیں بی سی سی آئی پر پورا بھروسہ ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ بی سی سی آئی اس معاملے کی پوری جانچ کرے ۔