محمد حفیظ کو بولنگ کی اجازت

دبئی ۔2 مئی (سیاست ڈاٹ کام)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم نے آف اسپنر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کو قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں بولنگ کی اجازت دے دی۔آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پر دوبارہ کام کرنے اور اس کے جائزے کے بعد ان کا ایکشن قواعد کے مطابق پایا گیا، جس کے بعد آف اسپنر بین الاقوامی کرکٹ میں بولنگ کا دوبارہ آغاز کر سکتے ہیں۔محمد حفیظ کا 17 اپریل کو لف بورو یونیورسٹی میں بولنگ ایکشن کا معائنہ ہوا تھا جس میں ان کی گیندوں میں بازو کا خم 15 ڈگری سے کم رہا، جو بولروں کے لیے آئی سی سی کی قانونی حد ہے۔واضح رہے کہ محمد حفیظ کیریئر میں کئی مرتبہ بولنگ ایکشن پر پابندی کا شکار ہوئے اور گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف 5 ونڈے میچوں کی سیریز کے دوران محمد حفیظ کا ایکشن ایک مرتبہ پھر مشکوک رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد 2 نومبر کو ان کا ٹسٹ لیا گیا ۔