محمد حفیظ کا 24 نومبر کو بائیومیکانک ٹسٹ

کراچی 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے آل راؤنڈر محمد حفیظ کو بائیو میکانک معائنہ کے لئے آئندہ ہفتہ انگلینڈ روانہ کرے گا۔ پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ محمد حفیظ 23 نومبر کو انگلینڈ روانہ ہوں گے جہاں 24 نومبر کو اِن کا ٹسٹ لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں یہ بھی واضح کردیا گیا ہے کہ اگر انگلینڈ میں محمد حفیظ کے نتائج مثبت آتے ہیں تو وہ پھر دوبئی میں نیوزی لینڈ سیریز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ محمد حفیظ رواں ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی میں منعقدہ پہلے ٹسٹ کے دوران جب اِن کے بولنگ ایکشن کو غیرقانونی قرار دیا گیا ہے تب سے وہ عضلات میں جکڑن کی تکلیف سے بھی پریشان ہیں۔ پی سی بی عہدیداروں نے کہا ہے کہ حفیظ کو انگلینڈ اِس لئے روانہ کیا جارہا ہے تاکہ وہ آئی سی سی کے قانون کے مطابق اپنے بولنگ ایکشن کو بہتر بناسکیں۔ دریں اثناء حفیظ نے اِس اُمید کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنی بولنگ ایکشن کی رپورٹ بہتر دیکھیں گے۔