محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن پھرغیر قانونی ہونے کی اطلاع

گال۔22 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) گال کا میدان بولنگ ایکشن کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر خطرے کا نشان بن گیا۔ سعید اجمل کی پابندی کا زخم ابھی ہرا ہی ہے کہ اسی وِکٹ پر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن بھی مشکوک ہونے کی رپورٹ کر دی گئی ہے۔ سری لنکا کے خلاف گال ٹسٹ میں اگرچہ محمد حفیظ نے بیس اوور میں چوالیس رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں لیکن میچ ریفری کرس براڈ نے ان کے بولنگ ایکشن پر اعتراض اٹھا کر آئی سی سی کو رپورٹ روانہ کی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے کہا کہ محمد حفیظ کابولنگ ایکشن رپورٹ ضرور ہوا ہے لیکن کوئی بھی فیصلہ آنے تک وہ پاکستان کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔ اس سے پہلے محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن ابوظہبی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے گزشتہ سال نومبر میں رپورٹ ہوا تھا۔