کراچی۔3اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹوئنٹی 20کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی اور سیمی فائنل میں رسائی سے محروم رہنے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ٹوئنٹی 20کی کپتانی کے علاوہ ونڈے اور ٹسٹ میں نائب کپتانی سے استعفی دے دیا ہے ۔ محمد حفیظ لاہور میں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے سبکدوش ہونے کا اعلان کردیا اور کہا کہ وہ شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور کسی کے دباؤ کے بغیر اپنے عہدوں سے سبکدوش ہونے کا اعلان کرتے ہیں ۔
اس موقع پر محمد حفیظ نے ساتھی کھلاڑیوں ‘ میڈیا اور کرکٹ شائقین کے تعاون پر ان سے اظہار تشکر کیا ۔ محمد حفیظ نے اس موقع پر مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف اہم مقابلے میں ہم نے انتہائی مایوس کن مظاہرہ کیا اور اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں ۔ ویسٹ انڈیز نے اہم موقع پر بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے ہمیں شکست دی ہے۔گذشتہ روز حفیظ نے ڈھاکہ سے یہاں پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ پر میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری کو قبول کرنے کے علاوہ شائقین سے ناقص مظاہرہ پر معافی بھی مانگی تھی۔ لیکن آج انہوں نے اپنے عہدوں سے استعفی دے دیاہے ۔ حفیظ کا کہنا ہے کہ وہ خود اپنے مظاہروں سے بھی مطمئن نہیں ہیں ۔ جیسا کہ وہ اس ٹورنمنٹ میں اسکور کرنا چاہتے تھے ‘ تاہم انہوں نے کہا کہ ہمیں شکست ضرور ہوئی ہے لیکن ٹورنمنٹ میں مظاہرے انتہائی ناقص بھی نہیں رہے۔