دبئی ۔8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی بیٹسمین محمد حفیظ نے کہا ہے کہ طویل عرصے بعد ٹسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا اور اچھی کارکردگی سے خوشی ہوئی۔ وہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں بولنگ میں بھی شاندار کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ایشیاء کپ میں منتخب نہ ہونے پر وہ دلبرداشتہ ہوئے اور انتہائی اقدام اٹھا نے پر غور کر رہے تھے لیکن بیگم اور شعیب اختر کے سمجھانے پر کوئی غلط فیصلہ نہیں کیا۔ محمد حفیظ کے مطا بق انہیں کوئی ڈر نہیں تھا کہ ان کیلئے پاکستان کی جانب سے یہ کھیلنے کاآخری موقع ثابت ہو سکتا ہے اور انہیں خود پر پورا اعتماد تھا کہ درست وقت پر وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر یں گے۔ پریکٹس سیشن کے دوران ساتھی کھلاڑیوں نے بھی بھرپور تعاون کیا۔ بطور سینئر کھلاڑی وہ خود بھی اچھا کھیلنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں ہر چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ ڈومیسٹک میں اچھا مظاہرہ کیا اور مثبت ذہن کے ساتھ ٹیم میں واپسی کی۔ محمد حفیظ کے مطابق یو اے ای کی وکٹیں آسان نہیں جبکہ آسٹریلیائی فاسٹ بولر نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ امام الحق با صلاحیت کھلاڑی ہیں جنہوں نے بیٹنگ کے دوران اعتماد فراہم کیا۔ یاسر شاہ اچھے اسپنر ہیں اور میچ میں ان کی جانب سے بھی اچھی کارکردگی کی امید ہے۔ محمد حفیظ نے کہا کہ وہ عزت اور وقار کے ساتھ کرکٹ کو خیرباد کہنا چاہتے ہیں۔یادرہے کہ محمد حفیظ دوسال بعد ٹسٹ ٹیم میں واپسی کی اور سنچری کے ساتھ انہوں نے ورلڈکپ میں شرکت کی اپنی امیدوں کو برقرار رکھا ہے۔