محمد بن زائد اور عمران خان کا باہمی تعاون کا عہد

پاکستان ۔متحدہ عرب امارات کے درمیان ، مشترکہ مفادات کو مضبوط بنانے پر توجہ

اسلام آباد ۔ /6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زائد النہیان نے آج وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ بات چیت کی اور یو اے ای اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی ۔ موجودہ علاقائی اور بین الاقوامی تبدیلیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ شیخ محمد زائد نے پاکستان کے ساتھ ترقیاتی تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا اور دونوں ملکوں کے باہمی مشترکہ مفادات کی خدمت کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امیر امارات شیخ خلیفہ بن زائد النہیان کی قیادت میں مختلف سطحوں پر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے بیرونی ادائیگیوں میں توازن لانے کے لئے 3 ارب ڈالر کی معاونت پر یو اے ای کے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زائد النہیان کے دورے پر مشترکہ اعلامیہ سامنے آگیا ، جس میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان سے یو اے ای کے ولی عہد کی ملاقات ہوئی ۔ اعلامیے کے مطابق عمران خان اور شیخ محمد بن زائد کے درمیان باہمی تعلقات ، عالمی و علاقائی امور سمیت کی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا ۔ وزیراعظم عمران خان نے توازن ادائیگی کے لئے 3 ارب ڈالر کی سپورٹ پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات کا معاشی تعاون دہائیوں پر مشتمل دوستی کا عکاس ہے ۔ اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے تاریخی تعلقات کو مزید مفید بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ، اس موقع پر پاکستان اور یو اے ای کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ۔ فریقین نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ اعلامیے کے مطابق آئندہ ماہ ابوظہبی میں پاکستان امارات کے وزارتی کمیشن کا اجلاس ہوگا ۔ وزیراعظم عمران خان نے یو اے ای کو سال 2019 ء کو برداشت کا سال قرار دینے پر مبارکباد دی ۔