نئی دہلی۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) کوارٹر مائیلر محمد انس ، لانگ جمپر انکت سنگھ اور 200 میٹر دوڑ کی ماہر سرابنی نندا نے ریو اولمپکس میں رسائی حاصل کرلی۔ اس طرح ہندوستانی شریک اور فیلڈ اتھلیٹس کیلئے آج کا دن یادگار رہا جنہوں نے بیرونی ممالک میں منعقدہ مختلف مقابلوں میں اہم کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے ریو کھیلوں میں اپنی جگہ بنالی۔ اڈیشہ کی 24 سالہ اتھلیٹ سرابنی کو اس سال کے اوائل میں منعقدہ فیڈریشن کپ اور ساؤتھ ایشین گیمس میں 200 میٹر کیلئے خواتین کی ریس میں گولڈ میڈل حاصل ہوا تھا اور آج قازقستان کے دارالحکومت الماتی کے کوانوا یادگار مقابلے میں ملنے والی کامیابی نے ریو اولمپکس میں داخلے کا خواب پورا کردیا۔ الماتی میں جاری ان مقابلوں 23 سالہ انکت نے بھی کامیابی کے ذریعہ ریو اولمپک کا راستہ ہموار کرلیا۔ محمد انس نے بائیڈ گوزئچ میں پولش اتھلیٹکس چمپین مقابلوں کے دوسرے دن 400 میٹر کی دوڑ میں قومی ریکارڈ توڑ دیا۔ 21 سالہ محمد انس نے 45.40 سیکنڈس میں 400 میٹر کی دوڑ مکمل کی۔ ریو اولمپکس میں کوالیفائنگ کیلئے 45 منٹ اور 40 سیکنڈ کا وقت ہی مقرر ہے۔ کیرالا کے اتھلیٹس انس نے پولینڈ کے اس شہر میں جمعہ کو بنائے گئے اپنے ہی ریکارڈ کو کل رات توڑ دیا۔