محمد امتیاز اسحاق کو ایم ایل سی نامزد کرنے کا مطالبہ

محبوب نگر میں مسلم سنگم قائدین کی پریس کانفرنس
محبوب نگر /29 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) قیام تلنگانہ میں ضلع محبوب نگر کے عوام کا تاریخی حصہ رہا ہے۔ یہ ایک واضح حقیقت ہے کہ محبوب نگر کے باشعور عوام نے 2009ء کے پارلیمانی انتخابات میں اپنا ووٹ اگر کے سی آر کے حق میں نہ دیتے تو علحدہ تلنگانہ کا قیام مشکل ہی نہیں ناممکن ہو جاتا۔ محبوب نگر کے عوام کا ووٹ نہ صرف کے سی آر کے لئے تھا، بلکہ وہ علحدہ تلنگانہ کی عمارت کا ایک مضبوط پتھر بن گیا اور وہ بحیثیت رکن پارلیمنٹ محبوب نگر تلنگانہ حاصل کرسکے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم سنگم قائدین نے آج سنگم کے دفتر محبوب نگر میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ ان قائدین نے متفقہ طورپر بہ یک آواز ٹی آر ایس سربراہ و ریاستی وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹی آر ایس کے حرکیاتی قائد محمد امتیاز اسحاق کو ایم ایل سی کے عہدہ کے لئے نامزد کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ضلع کی اقلیتوں کی نمائندگی کرنے اور ان کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کے لئے ایک مخلص اور کار کرد قائد کی اشد ضرورت ہے، جس کے لئے محمد امتیاز اسحاق کی شخصیت موزوں ہے، کیونکہ موصوف زمانہ طالب علمی سے ہی عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہیں اور خدمت کے جذبہ کے تحت ہی انھوں نے سیاست میں قدم رکھا۔ انھوں نے اپنی سیاسی جماعتوں کے اقتدار اور بغیر اقتدار کے دور میں بھی عوامی خدمت میں کوئی کمی نہیں آنے دی۔ انھوں نے کے سی آر سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ یہاں کی اقلیتوں کے دیرینہ مطالبہ کو قبول کرتے ہوئے امتیاز اسحاق کو ایم ایل سی کے لئے نامزد کریں۔ پریس کانفرنس میں محمد عبد الرزاق صدر، محمد عبد العلیم معتمد، عابد علی، عبد المجید، شرف الدین، محمد احمد، سلطان، شاکر حسین، عبدالستار خان، محمد مسعود، رحیم خان، انور حسین اور دیگر نوجوان شریک تھے۔