کراچی۔27نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم میںموجود چند کھلاڑی پابندی کا شکار فاسٹ بولر محمد عامر کے ساتھ دوبارہ کھیلنا نہیں چاہتے۔ اپنے انٹرویو میں شہریار خان نے کہا کہ چند سابق کھلاڑی محمد عامر کی واپسی کی حمایت کررہے ہیں لیکن ڈریسنگ روم میں حالات مختلف ہیں کیونکہ چند کھلاڑی محمد عامر کے ساتھ دوبارہ کھیلنے کیلئے راضی نہیں ہیں۔ پی سی بی کے چیف نے مزید کہا کہ ان حالات میں محمد عامر کو بین الاقوامی ٹیم میں واپس لانے کی جلد بازی کرنا صحیح نہیں ہوگا ۔ شہریار خان نے کہا ہے کہ پی سی بی محمد عامر کی واپسی میں کوئی جلد بازی کرنا نہیں چاہتی بلکہ فی الحال بورڈ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ہدایت پر عمل پیرا ہے اور امید ہے کہ آئی سی سی حالیہ قواعد میں تبدیلی کے بعد محمد عامر کو ڈومسٹک کرکٹ میں شرکت کی اجازت دے گی ۔ شہریار نے کہا ہے کہ محمد عامر پر عائد پابندی اگست 2015ء میں ختم ہوگی لیکن اُس سے پہلے آئی سی سی بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کو گھریلو کرکٹ میں کھیلنے کی اجازت دے سکتا ہے ۔نیز محمدعامر کو بین الاقوامی کرکٹ میں واپس لانے کے متعلق کسی بھی قسم کی جلد بازی سے گریز کررہا ہے ۔ انگلینڈ میں ٹسٹ میچ کے دوران اسپاٹ فکسنگ میں قصوروار پائے جانے والے عامر کے ہمراہ اس وقت کے کپتان سلمان بٹ اور دوسرے فاسٹ بولر محمد آصف پر آئی سی سی نے 2011ء کے اوائل کم از کم پانچ سال کی پابندی عائد کی ہے
اور محمد عامر کی گھریلو کرکٹ میںواپسی کی راہ اب ہموار ہوتی دکھائی دے رہی ہے ۔ علاوہ ازیں شہریار خان نے یہ توثیق بھی کردی ہے کہ نوید اکرم چیما آئندہ برس ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم کے منیجر کی دوڑ میں شامل ہیں ۔ شہریار کے بموجب نوید اکرم چیما ورلڈ کپ کیلئے ٹیم منیجرکے امیدواروں میں سرفہرست ہیں ۔ سابق ٹسٹ کپتان معین خان فی الحال ٹیم کے منیجر اور چیف سلکٹر ہیں لیکن پیش قیاسی کی جارہی ہے کہ معین خان کو ٹیم منیجر کے عہدہ سے راحت دی جائے گی۔