مالاہائیڈ۔17 مئی (سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے ایک مرتبہ پھر لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کے تاریخی آنر بورڈ پر اپنا نام دیکھنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مرتبہ وہ جس پاکستانی ٹیم کے ساتھ دورے پر آئے وہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے تاہم ہر ایک لارڈز میں کھیلنے کیلئے کافی پرجوش ہیں۔ محمد عامر کے مطابق ہر کوئی یہی چاہتا ہے کہ اس کا نام آنر بورڈ پر آئے اور وہ بھی اپنی اچھی کارکردگی کی بدولت دوسری مرتبہ یہی چاہتے ہیں۔پانچ سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے بعد سوئنگ میں کمی پر انہوں نے کہا کہ جب کھیل میں دوبارہ قدم رکھا تو وہ یکسر بدل چکا تھا اور وہ پابندی کے عرصے میں کسی قسم کی ٹریننگ بھی نہیں کر سکے تھے۔ پانچ سالہ عرصے میں کرکٹ کافی تیز اور وکٹیں نسبتاً سست ہوگئیں جس کی وجہ سے انہیں بولنگ میں مشکلات کا سامنا رہا تاہم وہ گیند کو سوئنگ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ یہی وکٹوں کے حصول کا اہم ترین پہلو بھی ہے۔ انہوں نے کھیل میں پانچ سال کے بعد واپسی پر اپنی حمایت کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے علاوہ ساتھی کھلاڑیوں شاہد آفریدی،مصباح الحق اور موجودہ پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی وجہ سے وہ ایک مرتبہ پھر انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھنے کیلئے مناسب اعتماد حاصل کرپائے۔ محمد عامر نے مزیدکہا کہ وہ بعض مشکلات کے باوجود اپنے کھیل میں بتدریج بہتری پیدا کر رہے ہیں اور انہیں قوی امید ہے کہ انگلینڈ کیخلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں ان کی کارکردگی نمایاں رہے گی۔