محرم اور گنیش تہوار، پولیس کے سخت گیر انتظامات

ساؤتھ زون پولیس عہدیداروں کا اجلاس، حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار کا خطاب
حیدرآباد ۔ /9 ستمبر (سیاست نیوز) ماہ محرم اور گنیش تہوار کے پیش نظر کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے آج ساؤتھ زون سے تعلق رکھنے والے پولیس عہدیداروں کا ایک اجلاس منعقد کیا اور مرکزی جلوس کیلئے موثر سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت دی ۔ مسٹر انجنی کمار نے دو گھنٹے طویل اجلاس میں عہدیداران کو یہ ہدایت دی کہ محرم کے پہلے عشرہ میں پرانے شہر کے تمام عاشور خانوں اور الاوے کے قریب 24 گھنٹے موثر سکیورٹی کے انتظامات کئے جائیں ۔ عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پولیس نے کہا کہ یوم عاشورہ کے دن نکالے جانے والے محرم کے مرکزی جلوس کیلئے منصوبہ بند طریقے سے بندوبست کریں اور بی بی کا علم کے جلوس کیلئے استعمال کئے جانے والے ہاتھی کے اطراف و اکناف موثر سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ عاشور خانوں اور الاوہ کو آنے والے زائرین کیلئے ٹریفک کے بہاؤ اور پارکنگ کیلئے بھی موثر اقدامات کریں گے ۔ مسٹر انجنی کمار نے گنیش تہوار کے دوران بھی سکیوریٹی کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گنیش پنڈال میں نصب کی جانے والی مورتیوں کو اجازت دینے سے قبل پنڈال آرگنائزر کے تمام تفصیلات متعلقہ پولیس اسٹیشن کے عہدیدار حاصل کریں اور قانونی شرائط کی تکمیل پر ہی مورتی کو نصب کرنے کی اجازت دیں ۔ انہوں نے کہا کہ حساس علاقوں میں متعلقہ پولیس عہدیداروں کو خاص توجہ دینے کا مشورہ دیا اور موثر پولیس پکٹس بھی متعین کرنے کی ہدایت دی ۔ 23 ستمبر کو نکالے جانے والے گنیش مرکزی جلوس کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور لا اینڈ آرڈر کی برقراری کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت دی گئی ۔ اسی طرح ایڈیشنل کمشنر ٹریفک مسٹر انیل کمار نے محرم اور گنیش بندوبست کے پیش نظر ٹریفک بندوبست سے متعلق اپنے ماتحت عہدیداروں کا ٹریفک کامپلکس میں آج ایک اجلاس منعقد کیا اور ہر پولیس اسٹیشن کے ٹریفک بندوبست کا جائزہ لیا ۔ یوم عاشورہ کے موقع پر بی بی کا علم جلوس کیلئے ٹریفک بندوبست کو کامیاب بنانے کی ہدایت دی جبکہ مرکزی گنیش جلوس کو پرانے شہر سے ٹینک بنڈ پہونچنے تک ٹریفک پولیس کے تمام عہدیداروں کو سڑک پر موجود رہنے کی ہدایت دی ۔