محدود اوور کی کرکٹ سے بولنگ کو بہتر بنانے میں مدد : عمران طاہر

نئی دہلی 5 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل 8 کے چیلنجس سے نمٹنے کی تیاریوں میں مصروف دہلی ڈیر ڈیولس کے اسپنر عمران طاہر کا ماننا ہے کہ محدود اوورس کی کرکٹ حالانکہ بولرس کیلئے بہت مشکل ہوسکتی ہے لیکن اس سے بولرس کو اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے ۔ 2014 میں دہلی ڈیر ڈیولس میں شمولیت اختیار کرچکے عمران طاہر چاہتے ہیں کہ وہ اپنی ٹیم کیلئے کھیلتے ہوئے دہلی ڈیر ڈیولس کیلئے موثر ثابت ہوسکیں۔ طاہر نے دہلی ڈیر ڈیولس کے اوپن سشن میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ یہ بہت مشکل ہے ۔ ٹی 20 کرکٹ اور ونڈے جہاں پانچ فیڈرس سرکل کے اندر رہتے ہیں وہ بہت مشکل صورتحال ہوتی ہے تاہم اسپنرس ٹی 20 کرکٹ میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ انہیں محدود اوور کے کھیل کو بہت کچھ دینا ہوگا ہے اسی وقت وہ بہتر بولر بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عصر حاضر کی کرکٹ میں صلاحیتوں کو بہتر سے بہتر بنانے کے پہلے سے زیادہ مواقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی 20 کرکٹ میں بلے باز اسپنرس کو زیادہ نشانہ بناتے ہیں ایسے میں آپ کے پاس بھی زیادہ مواقع ہوتے ہیں اور ساتھ ہی چیلنجس بھی سخت ہوتے ہیں۔ ہم ان چیلنجس کو پسند کرتے ہیں۔ آپ کو بڑے دل کے ساتھ وہاں جانا ہوتا ہے اور اسی وقت آپ ہر طرح کی صورتحال سے نمٹ سکتے ہیں۔ عمران طاہر نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بدلتے ہوئے تقاضوں سے خود کو بہتر سے بہتر انداز میں ہم آہنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسپن بولنگ ایک فن ہے اور یہ ابھی زندہ ہے ۔ آپ ٹسٹ کرکٹ میں اس کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ ٹسٹ کرکٹ میں بھی اب آپ کو اپنے آپ کو بدلنے کی ضرورت پیش آئیگی ۔ انہوں نے کہا کہ اسپن بولر کیلئے ہر طرح کی کرکٹ میں تیزی اہمیت کی حامل ہے ۔ فلائیٹ گیند بازی موجودہ دور میں بولرس کیلئے سودمند ثابت نہیں ہوگی ۔