محتاجوں اور یتیموں کی خدمت کا مشورہ

اوٹکور میں جماعت اسلامی کا جلسہ، مولانا ایم این بیگ زاہد کا خطاب
اوٹکور /14 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جماعت اسلامی ہند اوٹکور کی جانب سے مدرسہ فیض الہدی گراؤنڈ پر جلسہ تقسیم بلانکٹس کا انعقاد عمل میں آیا۔ جلسہ میں مرد و خواتین (مسلم و غیر مسلم) نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہ نشین پر مسٹر اروند کمار سابق زیڈ پی ٹی سی رکن کانگریس، جناب محمد خورشید گدوال تلگودیشم قائد، مسٹر ایم بھاسکر مقامی گرام پنچایت سرپنچ اوٹکور، جناب مجاہد صدیقی ناظم ضلع جماعت اسلامی کے علاوہ مولانا ایم این بیگ زاہد سکریٹری شعبہ خدمت خلق آندھرا، تلنگانہ و اڑیسہ جماعت اسلامی، جناب محمد کاظم حسین امیر مقامی اور جناب محمد ابراہیم بھی موجود تھے۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے مولانا ایم این بیگ نے کہا کہ جماعت اسلامی بلالحاظ مذہب و ملت بندگان خدا کی خدمت اور نادار افراد کی فہرست تیار کرکے اسی کے مطابق مستحقین میں تقسیم عمل میں لاتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالی اس شخص سے محبت کرتا ہے، جو انسانوں اور محتاجوں کے کام آئے۔ ویلفیر اسٹیٹ و بنگارو تلنگانہ اس وقت قائم ہوگا، جب انسان انسانوں کے کام آئے، محتاج، غریبوں، یتیموں اور بے روزگاروں کا خیال کیا جائے۔ جماعت اسلامی شروع سے ہی تمام مذاہب کے لوگوں کو اپنے قریب کرتی آرہی ہے۔ عید ملاپ کے ذریعہ ہو یا گیٹ ٹو گید اور دیگر پروگرامس کے ذریعہ اور جہاں بھی طوفان و سیلاب سے متاثرہ افراد ہوں بلا لحاظ مذہب و ملت ان کی مدد کی جاتی ہے۔ اس پروگرام کو مسٹر ایم بھاسکر سرپنچ، مسٹر اروند کمار اور محمد خورشید گدوال نے مخاطب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی خدمت خلق کی ستائش کی اور اوٹکور میں ہندو۔ مسلم غرباء میں بلانکٹس کی تقسیم کے عمل کو کار خیر قرار دیا۔ جناب مجاہد صدیقی ناظم ضلع جماعت اسلامی نے افتتاحی کلمات میں جماعت اسلامی کی خدمات پر روشنی ڈالی اور امیر مقامی محمد کاظم حسین نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر صدر کمیٹی مدرسہ فیض الہدی محمد ابراہیم، جناب محمد منصور علی کونسلر ویلفیر پارٹی، جناب عبد الرشید نگری صدر ایس آئی او، جناب محمد جاوید امرجنتہ صدر مقامی ایم پی جے کے علاوہ ایس آئی او کے کارکنان بھی موجود تھے۔