محبوب نگر۔/3اپریل، ( فیکس ) جناب حلیم بابر صدر بزم کہکشاں صدر اردو گھر جمیع شعرائے بزم و دانشوران ملت نے حکومت تلنگانہ سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ مسلمانوں کے ساتھ آئے دن وقوع پذیر ہونے والے قتل و خون، غارت گری و مذہبی دشمنی کے خاتمہ کیلئے موثر اقدامات کرے۔ حال ہی میں ایک جواں سال جو جزوی طور پر ذہنی صلاحیتوں سے متاثر مجیب نامی کو راتوں رات انسان نما درندوں نے طرح طرح کی جسمانی اذیتیں دیتے ہوئے مارڈالا جس کی تفصیلات سن کر انسانیت بھی خون کے آنسو بہاتی رہی اور کہتی رہی کہ یہ مجیب کا قتل نہیں بلکہ میرا قتل ہے۔ اس خصوص میں قابل مبارکباد ہیں دردمند ملی قائدین جنہوں نے بروقت اس دردناک واقعہ کو پولیس اور حکومت کے روبرو پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ خاطیوں کو سخت سے سخت سزاء دی جائے تاکہ آئندہ کوئی اس طرح کا دردناک جرم نہ کرسکے اور مرحوم کے افراد خاندان کیلئے معقول ایکس گریشیا کی منظوری دی جس کا کہ حکومت کو اختیار حاصل ہے۔ رکن اسمبلی و رکن پارلیمنٹ سے بھی گذارش ہے کہ وہ اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے خاطیوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی بھی مجرم کو اس طرح کے جرم کرنے کی ہمت نہ ہوسکے۔