محبوب نگر کی ترقی کیلئے ممکنہ اقدامات

محبوب نگر ۔ 2اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ کی تاریخ میں محبوب نگر ایک انفرادی مقام حاصل کرچکا ہے ۔ وہ اس لئے کہ بابائے تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کو محبوب نگر کے عوام نے منتخب کر کے پارلیمنٹ روانہ کیا اور انہوں نے ایم پی محبوب نگر کی حیثیت سے ہی تلنگانہ بل کو پارلیمنٹ میں پیش کروایا ۔ ان خیالات کا اظہار تلنگانہ جاگرتی کی صدر اور رکن پارلیمنٹ نظام آباد شریمتی کویتا نے مستقر محبوب نگر کے زیڈ پی گراؤنڈ پر چہارشنبہ کی شام بتکماں پروگرام کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ضلع کے عوام کے احسان مند ہیں اور وہ ضلع کی ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔ ضلع کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں تاریخی مقامات میں فنکاروں اور دانشوروں کی کوئی کمی نہیں ۔ انہوں نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ضلع کے 120کلومیٹر علاقہ سے دریائے کرشنا بہتی ہے لیکن یہاں کے کسانوں کو کاشت کیلئے پانی میسر نہیں ہے ‘ روزگار کیلئے وطن چھوڑ کر روزگار کی تلاش میں دور دراز مقامات کو منتقل ہورہے ہیں ۔ انہوں نے بڑے زور سے کہا کہ مسائل سے بھرپور تلنگانہ کو حاصل کرلیا گیا لیکن اس کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے وقت درکار ہے ۔ ریاستی حکومت اب جو کچھ بھی ترقیاتی کام کرے گی اس کا آغاز محبوب نگر سے ہوگا جیسے پینے کے پانی کیلئے واٹر گرڈ ‘ پالمور لفٹ اریگیشن وغیرہ ۔ بتکماں کے نمرجن کیلئے کوئی تالاب نہیں ہے ‘ ریاستی حکومت تالابوں اورکنٹوں کی مرمت کیلئے ضروری اقدامات کررہی ہے ۔ اس موقع پر ضلع پریشد چیرمین بنڈاری بھاسکر ‘ ایم ایل ایز جو پلی کرشنا راؤ ‘ سرینواس گوڑ ‘ لکشما ریڈی ‘ اے وینکٹیشور ریڈی ‘ ایم جناردھن ریڈی ‘ ٹی آر ایس پولیٹ بیورو ممبر نرنجن ریڈی نے بھی مخاطب کرتے ہوئے بتکماں تہوار کو سرکاری سطح پر منانے کو خوش آئند قرار دیا ۔ اس سے قبل مختلف تنظیموں کی جانب سے منعقد کئے گئے بتکماں کے قریب جاتے ہوئے تمام قائدین نے کھیل میں حصہ لیا ۔ ضلع کلکٹر جی ڈی پریہ درشنی ‘ ایس پی ناگیندر کمار کی اہلیہ یشودھا نے اس موقع پر گیت پیش کئے اور رقص کیا ۔