محبوب نگر کو تلنگانہ کا سب سے ترقی یافتہ ضلع بنایا جائے گا

پی جی کالج کا افتتاح، ریاستی وزیر تعلیم جی جگدیشور ریڈی اور دیگر کا خطاب
محبوب نگر /16 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج کے طلبہ اور نوجوان ہی ملک کا مستقبل ہیں، لہذا ان کا جدید ٹکنالوجی اور تعلیم سے آراستہ ہونا بے حد ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر تعلیم جی جگدیشور ریڈی نے کولا پور میں پالمور یونیورسٹی کے پی جی کالج سنٹر کا افتتاح انجام دیتے ہوئے کیا۔ انھوں نے اعتراف کیا کہ ضلع محبوب نگر ایک پسماندہ ضلع ہے، تاہم اس کو ترقی دیتے ہوئے آئندہ پانچ برسوں میں تلنگانہ کا سب سے ترقی یافتہ ضلع بنایا جائے گا۔ انھوں نے نئی نسل کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم کے حصول پر مرکوز کریں، کیونکہ تعلیم کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔ انھوں نے کے سی آر حکومت کی جانب سے شروع کردہ کئی اسکیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آئندہ تعلیمی سال سے حکومت کے جی تا پی جی مفت تعلیم کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ مقامی رکن اسمبلی جوپلی کرشنا راؤ نے ان کے حلقہ میں پی جی سنٹر کے قیام پر مسرت ظاہر کی اور کہا کہ انھیں توقع ہے کہ ان کی خواہش کے مطابق وزیر تعلیم، ایم بی اے، ایم اے (معاشیات) اور ریاضی جیسے اہم مضامین کا بھی آغاز کروائیں گے۔ انھوں نے حکومت سے اظہار تشکر کیا کہ اس سنٹر کی تعمیر کے لئے 4.5 کرور روپئے منظور کئے گئے۔ وزیر تعلیم نے 6.1 کروڑ کے صرفہ سے تعمیر کی جانے والی بی ٹی روڈ کے کاموں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر جی ڈی پریہ درشنی، زیڈ پی چیرمین بی بھاسکر، وائس چانسلر پالمور یونیورسٹی بھاگیہ نارائنا، ایم ایل ایز وی سرینواس گوڑ، ایم جناردھن ریڈی، سابق ایم پی جگناتھم اور دیگر قائدین کے علاوہ طلبہ و اساتذہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔