محبوب نگر میں کونسلر کی گھناؤنی حرکت

محو خواب مسلم خاتون پر دست درازی، اقلیتی قائدین کا احتجاج
محبوب نگر۔/24فبروری،  ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر محبوب نگر پر راجیو گروہا کلپا میں مقامی کونسلر کی جانب سے ایک مسلم خاتون کے ساتھ دست درازی کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک مسلم خاتون جو اپنے مکان میں محو خواب تھی مقامی کونسلر لنگیا یادو نے نشہ کی حالت میں خاتون کو گھسیٹ کر باہر لایا اور دوسرے کمرے میں لے جانے کی کوشش کی۔ خاتون کی مزاحمت اور مقامی عوام کی مداخلت پر کونسلر فرار ہوگیا۔ متاثرہ خاتون نے رورل پولیس اسٹیشن پہنچ کر کونسلر کے خلاف شکایت کی اور پولیس سے نربھئے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے خاتون کو زبانی طور پر مطمئن کرکے روانہ کردیا لیکن بعد میں پولیس نے معمولی دفعات عائد کرکے کونسلر کو پولیس اسٹیشن میں ہی ضمانت دے دی۔ اطلاع ملتے ہی مقامی مسلم رابطہ کمیٹی قائدین پر مشتمل وفد انور پاشاہ اور کنوینر رابطہ کمیٹی محمد محسن خان کی قیادت میں رورل پولیس اسٹیشن پہنچا اور کونسلر کے خلاف سخت کارروائی نہ کرنے پر احتجاج کیا۔ بعد ازاں ان قائدین نے صحافتی کانفرنس طلب کی اور مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک عوامی نمائندہ کے ہاتھوں ایک خاتون سے دست درازی کی کوشش انتہائی ظالمانہ حرکت ہے۔ قائدین نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے پرزور مطالبہ کیا کہ اندرون دو یوم خاطی کو گرفتار کرکے سخت دفعات نہ لگائے جائیں تو زبردست احتجاج ناگزیر ہوجائیگا۔ اس موقع پر تقی حسین تقی صدر مسلم حقوق پوراٹا سمیتی مرزا قدوس بیگ صدر ضلع مسلم لیگ مسیح الدین نمائندہ کونسلر کے علاوہ محمد محمود، پربھاکر، محمد قاسم و دیگر موجود تھے۔