محبوب نگر میں پولیس کی گھر گھر تلاشی مہم

محبوب نگر۔/21فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر محبوب نگر پر ضلع ایس پی ڈاکٹر انورادھا نے اپنے ماتحت عہدیداران ڈی ایس پی بھاسکر،6 سرکل انسپکٹران اور 200پولیس جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی مہم چلائی ۔ رات میں کافی دیر تک یہ مہم جاری رہی۔ ہاؤزنگ بورڈ کالونی میں بھی ضلع ایس پی کی قیادت میں مہم چلائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس تلاشی مہم کا اصل مقصد جرائم پیشہ اور غیرسماجی عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس مہم کو راز میں رکھا گیا تھا تاکہ مہم میں صد فیصد کامیابی حاصل ہو۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ ضلع کے دیگر مقامات پر بھی بڑے پیمانے پر اس مہم کو وسعت دی جائے گی۔ مہم کے دوران چند گاڑیوں کو ضبط کرنے کے علاوہ ہاوزنگ بورڈ کالونی سے ایک مجرم کو بھی گرفتار کرلیا گیا جو پولیس کی گرفت سے بچتارہا اور اس کے خلاف وارنٹ بھی ہے۔ ضلع ایس پی نے بتایا کہ شہر کے مضافات میں سرقہ کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ جرائم کا انسداد اور امن وامان کی برقراری اس مہم کا اہم مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستاویزات کی عدم موجودگی کے باعث بعض گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ہے۔