محبوب نگر میں پاسپورٹ سیوا سنٹر کا افتتاح

محبوب نگر۔/29مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر محبوب نگر کے ہیڈ پوسٹ آفس میں رکن پارلیمنٹ اے پی جتیندر ریڈی نے مقامی ایم ایل اے وی سرینواس گوڑ کے ہمراہ پاسپورٹ سیوا سنٹر کا افتتاح کیا۔ منگل کی شام منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی نے کہا کہ پاسپورٹ کے حصول کیلئے ضلع کے عوام کی تکالیف کو دیکھتے ہوئے مرکزی وزراء سے بارہا نمائندگی کی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکز نے ملک بھر میں 85 سیوا سنٹرس کی منظوری دی ہے جس میں سے 40 کا آغاز ہوا اور پہلا سنٹر محبوب نگر میں قائم ہوا۔ اس موقع پر ایم ایل اے وی سرینواس گوڑ نے کہا کہ پاسپورٹ سیوا سنٹر کے آغاز سے ضلع کے عوام کو بڑی راحت ملی ہے اور انہیں حیدرآباد جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ بعد ازاں ایم پی جتیندر ریڈی کے ہاتھوں ضلع کلکٹر رونالڈ روز کی دو لڑکیوں کو پاسپورٹ حوالے کیا گیا۔ اس پروگرام میں ضلع ایس پی ریما راجیشوری، میونسپل چیرپرسن رادھا اور پوسٹ ماسٹر جنرل کرنل اکیشنات و دیگر موجود تھے۔

بدعنوانی کے خلاف پوسٹ ماسٹر کو چار سال کی سزا
بودھن۔/29مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) موضع پیدا کوڈیگل کے برانچ پوسٹ ماسٹر کے ستیہ نند نے سال2015 کے دوران ضمانت روزگار اسکیم کے تحت کام کرنے والے مزدوروں میں تقسیم کیلئے حکومت کی طرف سے پوسٹ آفس میں جمع رقم 63 ہزار 973 روپئے مبینہ طور پر اپنے ذاتی مصرف میں استعمال کئے، عوامی شکایت پر سب انسپکٹر ولیس بچکنڈہ نوین کمار نے پوسٹ ماسٹر کے خلاف 420 ، 403 دفعات کے تحت مقدمہ درج رجسٹرڈ کرکے شواہد کے ساتھ نامزد ملزم کو بچکنڈہ عدالت میں پیش کیا۔ معزز جج نے پوسٹ ماسٹر کے خلاف الزام ثابت ہونے کے بعد ستیہ نند کو چار سال کی سزا کے علاوہ دو ہزار روپئے جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی۔