محبوب نگر میں ٹی آر ایس کو دھکا

رکن پارلیمنٹ اے پی جیتندرریڈی کی بی جے پی میں شمولیت

محبوب نگر۔28 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر کے موجودہ ایم پی اے پی جیتندر ریڈی نے دہلی میں بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ امیت شاہ نے کھنڈوا پہناتے ہوئے ان کا پارٹی میں خیرمقدم کیا۔ گزشتہ دو دنوں سے سوشیل میڈیا پر ان کی بی جے پی میں شامل ہونے کی خبریں گشت کررہی تھیں جو آج بالآخر صحیح ثابت ہوئیں۔ جیتندر ریڈی نے موجودہ لوک سبھا میں ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی قائد کی حیثیت سے مقبولیت حاصل کی تھی لیکن ٹی آر ایس ہائی کمان نے انہیں ٹکٹ سے محروم کردیا۔ ان پر الزام تھا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کے ساتھ انہوں نے تعاون نہیں کیا تھا۔ ٹی آر ایس نہ چھوڑنے کی بات کرتے ہوئے 10 روز سے وہ خاموش تھے، لیکن گزشتہ دو دن سے بی جے پی کے سرکردہ قائد رام مادھو سے گفتگو کرتے رہے۔ بی جے پی میں شمولیت کیلئے انہوں نے تین شرائط رکھیں جس میں تلنگانہ کے انچارج کا عہدہ ، راجیہ سبھا کی رکنیت شامل ہے۔ اس سے قبل میڈیا کے سوالات پر اس تعلق سے انہوں نے انکار کردیا تھا۔ ضلع کی سرکردہ کانگریس قائد ڈی کے ارونا نے بھی اچانک بی جے پی میں شامل ہوتے ہوئے محبوب نگر پارلیمانی حلقہ کا ٹکٹ بھی حاصل کرلیا۔ اب جیتندر ریڈی کی شمولیت سے ضلع میں بی جے پی کی طاقت میں اضافہ متوقع ہے۔ یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ جیتندر ریڈی نے 1999ء میں بی جے پی امیدوار کی حیثیت سے یہاں سے کامیابی حاصل کی تھی۔