محبوب نگر میں ’ میڈیا اور مسلم معاشرہ ‘‘ کے عنوان پر 5فبروری کو جلسہ عام

محبوب نگر۔/29جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شیخ شجاعت علی امیر مقامی جماعت اسلامی ہند محبوب نگر کی اطلاع کے بموجب 5فبروری بروز اتوار صبح 10بجے بمقام الماس فنکشن ہال رامیا باؤلی محبوب نگر ’’ میڈیا اور مسلم معاشرہ ‘‘ کے عنوان پر ایک جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے۔ پروگرام میں خصوصی طور پر مدعو کئے گئے معروف دانشور بین الاقوامی مقرر جناب امین الحسن انجینئر کا خصوصی خطاب ہوگا۔ امیر مقامی نے مزید بتایا کہ دور حاضر میں مسلمانوں کو کئی ایک چیلنجس کا سامنا ہے۔ الکٹرانک و سوشیل میڈیا کا نوجوان نسل سے تعلق اتنا بڑھ چکا ہے کہ وہ اخلاقی بگاڑ کی انتہا کو پہنچ چکے ہیں۔ سوشیل میڈیا کے منفی استعمال نے انہیں نفسیاتی مریض بھی بنادیا ہے اور وہ اپنے فرائض سے کوتاہی برتتے ہوئے مستقبل کو بھی برباد کررہے ہیں۔ چنانچہ مسلم معاشرہ کو تباہی سے بچانے کی کوشش کے طور پر جماعت اسلامی ہند محبوب نگر نے اس جلسہ عام کا اہتمام کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی مقرر جناب امین الحسن ایک بے مثال خطیب، لائف کوچ، نفسیاتی ٹرینر اور مویٹویشنل اسپیکر ہیں۔ عوام کے ساتھ ساتھ دانشوران قوم بھی ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہیں۔ موصوف نے’’ شخصیت کا ارتقاء اور روح کی پاکی‘‘ کے عنوان پر کتاب بھی مرتب کی ہے۔ انہیں اس بات کا اعزاز بھی حاصل ہے کہ قائدانہ صلاحیت اورسافٹ اسکلس پرسنالٹی ڈیولپمنٹل لائف مینجمنٹ جیسے عنوانات پر کم و بیش خطابات بیرون ممالک جیسے جاپان، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت وغیرہ میںکرتے ہیں۔