محبوب نگر میں علماء و دینی شخصیتوں کا تربیتی اجتماع

مکتھل /2 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) احباب سلسلہ قادریہ کمالیہ چشتیہ محبوب نگر کے ذرائع کے بموجب عصر حاضر میں فکری آزادی کے بڑھتے ہوئے رحجان اور قرآن و حدیث و فقہ اور دین و اسلام میں اپنی مرضی سے تحریفات کے ذریعہ پھیلنے والے علمی فتنوں سے آگاہی اور حضرات صحابہؓ کی مقدس و بابرکت جماعت پر عدم اعتماد کی فضاء بنانے جیسے باطل تحریکوں کے انسداد اور مضبوط عقیدہ کی درستگی کے ساتھ دینی ، دعوتی و فکری تحفظ کیلئے پورے ضلع محبوب نگر کے علماء کرام ، حفاظ عظام ، ائمہ کرام اور دینی جماعتوں اور دعوتی تحریکوں کے ذمہ داروں کا ایک روزہ تربیتی و اصلاحی اجتماع مورخہ 4 جنوری بروز ہفتہ صبح 10.30 بجے تا شام نماز عصر بمقام مدرسہ عربیہ الکوثر شاہ صاحب گٹہ محبوب نگر میں منعقد ہو رہا ہے ۔

جس کی صدارت مولانا شاہ حافظ محمد جمال الرحمن مفتاحی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت آندھراپردیش کریں گے ۔ جبکہ ممتاز عالم دین شاہ مفتی نوال الرحمن مفتاحی صدر شرعیہ بورڈ و خطیب مسجد نور امریکہ کے خطابات ہوں گے ۔ سلسلہ قادریہ کمالیہ محبوب نگر کے ذمہ داروں نے ضلع کے تمام علماء کرام اور دینی مدارس و مکاتب کے ذمہ داروں ، جماعتی سربراہوں و دیگر تمام دلچسپی رکھنے والے اہل علم طبقہ سے گذارش کی ہے کہ وہ اس اہم اور بامقصد اصلاحی اجتماع میں شرکت کرتے ہوئے استفادہ کریں ۔