محبوب نگر /4 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہمیشہ فائلوں میں مصروف رہنے اور عوامی مسائل حل کرنے میں اپنا وقت صرف کرنے والے ضلع کے کلیدی عہدہ داروں نے صفائی مہم میں حصہ لیا۔ سوچھ بھارت پروگرام کے تحت جمعرات کے دن ضلع کلکٹر جی ڈی پریہ درشنی، ایڈیشنل کلکٹر راجا رام، ضلع ایس پی ڈی ناگیندر کمار، ڈی ایس پی کرشنا مورتی کے علاوہ دیگر عہدہ داروں نے کلکٹریٹ کی عمارت میں موجود گرد و غبار کو صاف کیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ بابائے قوم گاندھی جی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے گندگی دور کرنے اور ماحول کو صاف رکھنے میں اپنا حصہ ادا کرنا چاہئے۔ ریونیو میٹنگ ہال میں منعقدہ گاندھی جی کے یوم پیدائش کے موقع پر انھوں نے گاندھی جی کے پورٹریٹ پر پھول مالا چڑھاتے ہوئے کہا کہ گاندھی جی کی زندگی ایک پیام ہے، جن کے یوم پیدائش کے موقع پر مرکزی حکومت نے سوچھ بھارت کا آغاز کیا ہے، جو 23 نومبر تک جاری رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ ضلع اور منڈل سطح کے تمام عہدہ داروں کو اس صفائی مہم میں حصہ لینا ہوگا، جب کہ گندگی دور کرنے اور صفائی برقرار رکھنے کے لئے سال میں کم از کم 100 گھنٹے وقف کرنے کی ضرورت ہے۔ اس مہم میں خواتین کے علاوہ مرد حضرات نے بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے موجود عہدہ داروں سے عہد بھی لیا۔ اس موقع پر ڈی آر او رام کشن، انچارج پی او ضلع پریشد ناگماں اور دیگر عہدہ دار بھی موجود تھے۔